بلوچستان کو عالمی سرمایہ کاری کے لیے ایک پُرکشش مقام قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بین الاقوامی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو صوبے کے وسیع معدنی، تیل اور گیس کے ذخائر میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ، سازگار کاروباری ماحول اور ون ونڈو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور صوبائی حکومت ان وسائل کو معاشی ترقی، روزگار اور خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری کی خواہاں ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے عوام کی مہمان نوازی اور دیانت داری کا ذکر کرتے ہوئے ریکوڈک منصوبے کی مثال دی۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرک کمپنی ایک دہائی سے زائد عرصے بعد واپس آئی تو اس کا کیمپ محفوظ حالت میں موجود تھا اور وہاں سے ایک ٹی شرٹ یا چائے کا کپ تک غائب نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ بلوچستان کے عوام کے کردار اور روایات کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرمایہ کاری کے تحفظ اور سازگار ماحول کے قیام میں مقامی آبادی کا تعاون بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ حکومت مقامی لوگوں کو ساتھ ملا کر سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط بنانا چاہتی ہے تاکہ ترقی کے ثمرات عوام تک بھی پہنچ سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں امن و امان کے قیام اور سرمایہ کاری کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہیں۔ معدنی راہداری کے تحفظ کے لیے علیحدہ سیکیورٹی ڈویژن قائم کیا گیا ہے، جبکہ سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فرنٹیئر کور کا نیا ونگ بھی تشکیل دیا جا رہا ہے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے بارے میں منفی تاثر اور زمینی حقائق میں فرق ہے، اس لیے عالمی سرمایہ کار خود صوبے کا دورہ کریں، عوام سے ملاقات کریں اور یہاں موجود سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیں۔
ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے کے 2029 تک شروع ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے سرونہ کے علاقے میں تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر کے حوالے سے بھی آئندہ چند ماہ میں مثبت پیش رفت کی امید ظاہر کی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے تعاون سے سوئی میں فرٹیلائزر سٹی کے قیام کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جہاں کم بی ٹی یو گیس کو صنعتی اور زرعی شعبے کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔
انہوں نے سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی اور سرخ فیتے کی رکاوٹوں کو سرمایہ کاری کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان اسمبلی کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کی منظوری کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قانون سازی سے معدنی شعبے میں شفافیت، قانونی وضاحت اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے عالمی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو بلوچستان کی ترقی میں شراکت دار بننے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت قدرتی وسائل کو پائیدار معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع میں تبدیل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔