سندھ حکومت نے موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے جاری منصوبوں پر کام تیز کرنے اور مستقبل کی ترجیحات کے مطابق اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں جاری منصوبوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ کو سیلاب، خشک سالی، پانی کی قلت اور ساحلی کٹاؤ جیسے سنگین خطرات کا سامنا رہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے بچاؤ، متاثرہ مکانات کی تعمیرِ نو، بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے اور آبپاشی و نکاسی آب کے نظام کو جلد بہتر بنانا ناگزیر ہے۔
اجلاس میں ساحلی تحفظ اور جنگلات کی بحالی سے متعلق منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ڈیلٹا بلیو کاربن منصوبے کے تحت ایک لاکھ 26 ہزار ہیکٹر رقبے پر مینگرووز کے جنگلات بحال کیے جا رہے ہیں۔