تازہ ترین

ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کی رونمائی، پاکستان 12 نومبر کو مہم کا آغاز کرے گا

0

متحدہ عرب امارات میں ویمنز کرکٹ کی ابھرتی ہوئی ٹیموں کے درمیان مقابلے کا میدان سجنے کو تیار ہے، جہاں آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 2026 کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔ پاکستان سمیت 10 ٹیمیں 12 سے 25 نومبر تک ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے میدان میں اتریں گی۔

ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں تمام 10 شریک ٹیموں کی کپتانوں نے شرکت کی، جن میں پاکستان کی منیبہ علی بھی شامل تھیں۔ 30 میچوں پر مشتمل ایونٹ میں ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پاکستان کو گروپ بی میں بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ اے میں میزبان متحدہ عرب امارات کے علاوہ سری لنکا، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور پاپوا نیو گنی شامل ہیں۔

شیڈول کے مطابق پاکستان اپنی مہم کا آغاز 12 نومبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کرے گا۔ گرین شرٹس اگلے روز 13 نومبر کو تھائی لینڈ سے مقابلہ کریں گی، جبکہ 15 نومبر کو نیدرلینڈز اور 16 نومبر کو زمبابوے کے خلاف گروپ مرحلے کے آخری میچ میں میدان میں اتریں گی۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کا مقابلہ کاروان اسپورٹس کلب کرکٹ گراؤنڈ عجمان میں ہوگا، جبکہ تھائی لینڈ کے خلاف میچ بھی اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔ نیدرلینڈز اور زمبابوے کے خلاف پاکستان کے میچز سیون ڈسٹرکٹس اسپورٹس کلب عجمان میں شیڈول ہیں۔

لیگ مرحلے کے اختتام پر ہر گروپ کی سرفہرست تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں جگہ بنائیں گی، جہاں ہر ٹیم مزید تین میچ کھیلے گی۔ سپر سکس مرحلے کی دو بہترین ٹیمیں 25 نومبر کو فائنل میں ٹرافی کے حصول کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کے 12 فل ممبر ممالک میں سے 11 کی ویمنز کرکٹ ٹیمیں فعال ہیں، تاہم افغانستان کی ویمنز ٹیم فی الحال موجود نہیں۔ ان 11 ٹیموں میں سے بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز جیسی چھ ٹیمیں اس ایونٹ میں حصہ نہیں لے رہیں۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، آئرلینڈ اور زمبابوے کی پانچ فل ممبر ٹیمیں شریک ہیں۔ آئی سی سی کے اس ایونٹ کا مقصد ان ٹیموں کو مزید بین الاقوامی مواقع فراہم کرنا اور ویمنز کرکٹ میں ان کی مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد دینا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.