تازہ ترین

وزیراعظم اشارہ کریں تو استعفیٰ دے دوں گا، چوہدری سالک حسین

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے پنجاب حکومت کے ساتھ جاری اختلافات پر اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم شہباز شریف اشارہ کریں تو وہ وزارت سے استعفیٰ دے دیں گے، تاہم کرپشن سے متعلق اپنے بیان سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرپشن کی نشاندہی کرنا کسی کی ہتک عزت نہیں اور وہ اپنے دعوؤں کے حق میں ثبوت بھی پیش کریں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ کرپشن کو کسی سازش سے منسلک نہیں کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق ڈیڑھ سال تک ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی کے دوران کوئی مسئلہ نہیں تھا اور انتظامی امور میں بہتر رابطہ کاری موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل انہوں نے اربن ڈویلپمنٹ کا تجربہ رکھنے والے ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی کی تجویز دی تھی، تاہم تعیناتی کے بعد کوئی اعتراض نہیں کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مبینہ طور پر غلط معلومات کی بنیاد پر بیان دیا، جبکہ ان کے بقول ایسی باتیں کسی حکمران کو زیب نہیں دیتیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پہلے دن سے ہونی چاہیے تھی۔ چوہدری سالک نے واضح کیا کہ وہ اپنا بیان واپس نہیں لیں گے اور قانونی نوٹس کا جواب بھی تیار ہے، جو ایک دو روز میں بھیج دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ان کی بات کو اپنے اوپر لے لیا، حالانکہ انہوں نے پنجاب حکومت کے حوالے سے بات کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی منصوبے میں کرپشن ہوئی ہے تو اس کی نشاندہی کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس کچھ ایسے شواہد بھی موجود ہیں جو ابھی سامنے نہیں آئے اور انہیں مناسب وقت پر پیش کیا جائے گا۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ عدالت میں یہ معاملہ واضح ہوگا، کیونکہ انہیں عدالت میں لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اب تک اس معاملے پر ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا، جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات کی جانب سے معاملہ حل کرنے کی کوشش بھی پنجاب کی وزیر اطلاعات کے بیان کے بعد متاثر ہوئی۔

اتحادی حکومت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے قیام کے وقت تمام اتحادی جماعتوں کے درمیان وزارتوں کی تقسیم طے ہوئی تھی۔ اگر کسی کو اب اتحادیوں کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی تو اس کے سیاسی اثرات بھی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی نیت اتحاد کے وقت بھی درست تھی اور اب بھی ہے، آئندہ کا فیصلہ دوسرے فریق کے رویے پر منحصر ہوگا۔

وفاقی وزیر نے وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سیاست میں رہتے ہوئے خواتین سے متعلق معاملے کو سیاسی بحث کا حصہ نہیں بنانا چاہیے۔ انہوں نے اپنے خاندان اور چوہدری شجاعت حسین کے حوالے سے کہا کہ ان پر آج تک کرپشن کا الزام نہیں لگا اور انہوں نے اپنی زندگی میں عزت کمائی ہے۔

چوہدری سالک حسین نے مزید کہا کہ 2025 میں انہیں ایلیٹ فورس فراہم کی گئی تھی، جسے اب واپس لے لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اہلکاروں کو ہدایت دی گئی تھی کہ رات 12 بجے تک واپس نہ آنے کی صورت میں انہیں معطل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بیان کے پیچھے کوئی ذاتی مفاد یا مخصوص محرکات نہیں تھے اور وہ صرف حقیقت بیان کر رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.