ٹرمپ انتظامیہ اور ڈیموکریٹس آمنے سامنے، کانگریس کی تحقیقات پر وائٹ ہاؤس کا انتباہ
امریکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کے قانونی مشیر ول شیرف نے رابرٹ گارسیا کو خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کے عہدیداروں کو خوف زدہ کرنے یا انہیں سرکاری ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکنے کے لیے تحقیقات اور قانونی کارروائی کی دھمکیاں دینا سنگین جرم بن سکتا ہے۔
رابرٹ گارسیا نے وائٹ ہاؤس کے انتباہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو حکومتی نگرانی اور تحقیقات کے لیے وسیع آئینی اختیارات حاصل ہیں اور ان اختیارات کے استعمال کے لیے وائٹ ہاؤس کی اجازت درکار نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی عوام نے بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف کارروائی کے لیے ڈیموکریٹس کو ووٹ دیا ہے۔
ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس کے اقلیتی رہنما حکیم جیفریز نے بھی وائٹ ہاؤس کے انتباہ کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیان حقائق، قانون اور آئین کے اعتبار سے غلط ہے۔
حکیم جیفریز کے مطابق اب تک ایوانِ نمائندگان ری پبلکنز کے زیرِ اثر تھا، جو صدر ٹرمپ کے اقدامات کی حمایت کرتے رہے، تاہم نئی ڈیموکریٹک کانگریس انتظامیہ کے اختیارات کی نگرانی اور ان پر آئینی توازن قائم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔
واضح رہے کہ ڈیموکریٹس آئندہ جنوری سے ٹرمپ خاندان کے مالی معاملات، جیفری ایپسٹین کیس اور حکومتی معاہدوں سمیت متعدد امور کی تحقیقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔