قرآنی آیت کو فیشن کے طور پر پیش کرنے پر کرینہ کپور سے معافی کا مطالبہ
بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور ایک زیور پہننے کے معاملے پر تنازع کا شکار ہوگئی ہیں، جس پر بھارتی سیاسی رہنما عباس حفیظ نے انہیں اور ان کی اسٹائلسٹ ریا کپور کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرینہ کپور نے دیوالی کی تقریبات کے دوران سیف علی خان کے خاندان سے وراثت میں ملنے والا قیمتی زیور پہنا تھا، جس پر قرآن پاک کی آیت الکرسی کندہ تھی۔
رپورٹس کے مطابق یہ زیور 30 قیراط کے زمرد سے تیار کیا گیا ہے اور اس کا تعلق بھوپال کے شاہی خاندان سے ہے۔ اداکارہ نے اس کے ساتھ تقریباً 200 سال پرانی کلغی بھی پہنی تھی۔
بھارتی سیاسی رہنما عباس حفیظ نے مذہبی جذبات مجروح ہونے کا مؤقف اختیار کرتے ہوئے کرینہ کپور اور ان کی اسٹائلسٹ ریا کپور کو قانونی نوٹس ارسال کیا ہے۔ نوٹس میں سوشل میڈیا سے متعلقہ تصاویر اور ویڈیوز ہٹانے، عوامی سطح پر معافی مانگنے اور آئندہ مقدس آیات کے احترام کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
عباس حفیظ کے مطابق ان کا اعتراض کرینہ کپور کے لباس یا دیوالی منانے پر نہیں بلکہ قرآنی آیت کو فیشن کے طور پر پیش کرنے پر ہے۔
تاحال کرینہ کپور یا سیف علی خان کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔