تازہ ترین

دسمبر اور جنوری میں ملک بھر میں گیس کی وافر فراہمی یقینی ہوگی، علی پرویز ملک

0

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ قطر سے گیس کی ترسیل جاری ہے اور دسمبر و جنوری کے دوران ملک میں گیس کی وافر فراہمی بلا تعطل برقرار رہے گی۔

لاہور میں ایک نجی یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی غیر یقینی صورتحال نے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی قیمتوں کو متاثر کیا ہے، تاہم پاکستان نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران ان چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے غریب طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی متعارف کرائی ہے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین مکمل شفافیت کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے وقتی اور مقبول فیصلوں کے بجائے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کے تحفظ کو ترجیح دی ہے اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوتے ہی اس کا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچایا جائے گا۔

دوسری جانب سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے وفاقی وزیر پیٹرولیم سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان کی جانب سے ٹیکس نیوٹرل بانڈڈ اسٹوریج پالیسی کی منظوری سے سعودی سفیر کو آگاہ کیا گیا۔ اس پالیسی کے تحت سعودی کمپنیوں کو تجارتی بنیادوں پر پاکستان میں تیل کے ذخائر قائم کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔

اس سلسلے میں بلوچستان کے علاقے حب میں بڑے پیمانے پر پیٹرولیم اسٹوریج اور ریفائننگ کمپلیکس قائم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، جس سے توانائی کے شعبے میں پاکستان کی علاقائی اہمیت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے موسم سرما کے پیش نظر عوام سے اپیل کی کہ توانائی کا استعمال احتیاط سے کریں اور بجلی و گیس کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ توانائی کی بچت کے لیے انفرادی سطح پر کیے گئے چھوٹے اقدامات بھی ملکی زرمبادلہ بچانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.