تازہ ترین

ایف بی آر چار ماہ میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل نہ کرسکا، 96 ارب روپے کا شارٹ فال

0

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں کے مقررہ اہداف حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا، جس کے نتیجے میں جولائی سے اکتوبر 2026 تک مجموعی طور پر 96 ارب روپے کا ریونیو شارٹ فال سامنے آیا ہے۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق اکتوبر 2026 میں بھی ٹیکس وصولیوں کا ہدف پورا نہیں ہوسکا اور مقررہ ہدف کے مقابلے میں 129 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اکتوبر کے دوران ایف بی آر نے ایک ہزار 3 ارب روپے کی عبوری خالص ٹیکس وصولیاں کیں، جبکہ اس ماہ کے لیے ایک ہزار 132 ارب روپے کا ہدف مقرر تھا۔ گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں ٹیکس وصولیوں میں صرف 5 فیصد اضافہ ہوا۔

اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ، یعنی جولائی تا اکتوبر 2026 کے دوران ایف بی آر کی عبوری خالص ٹیکس وصولیاں 4 ہزار 89 ارب روپے رہیں، جبکہ اس مدت کے لیے 4 ہزار 185 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں مجموعی ٹیکس وصولیوں میں صرف 6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان کی جانب سے اب تک 77 لاکھ انکم ٹیکس گوشوارے موصول ہوچکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع کیے جانے کا امکان نہیں ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.