تازہ ترین

شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت 7 نومبر تک ملتوی

0

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس کے قریب پولیس گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت 7 نومبر تک ملتوی کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے درخواست پر سماعت کی، جس کے دوران شاہ محمود قریشی کے وکیل رانا مدثر عمر دلائل دینے کے لیے پیش ہوئے۔ تاہم پراسیکیوشن نے مقدمے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کے لیے مزید مہلت طلب کرلی۔

اس موقع پر وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ پراسیکیوشن مقدمے کا ریکارڈ پیش نہ کرکے ضمانت کی کارروائی میں تاخیر کر رہی ہے۔ عدالت نے ریکارڈ پیش نہ کیے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو آئندہ سماعت پر مقدمے کا مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

شاہ محمود قریشی نے تھانہ سرور روڈ میں درج مقدمہ نمبر 108/23 میں جیل سے بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ مقدمے میں تحریک انصاف کے رہنماؤں پر کارکنوں کو فسادات پر اکسانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی 9 مئی کے واقعات سے متعلق دیگر چھ مقدمات میں بری ہوچکے ہیں، تاہم پولیس گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں ان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ ہونا باقی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.