ایرانی سپریم لیڈر کی مسلح افواج کو دفاعی اور انٹیلی جنس صلاحیتیں مزید مضبوط بنانے کی ہدایت
ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے مسلح افواج کے اعلیٰ کمانڈروں سے ملاقات میں دفاعی تیاریوں اور عسکری حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ حملے کا جواب جغرافیائی حدود سے بالاتر ہو کر دیا جائے گا، جبکہ جنگ کے خاتمے کا وقت اور شرائط ایران خود طے کرے گا۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ اگر دشمن نے دوبارہ حملہ کیا تو ایران اپنے دفاع کے لیے بھرپور جواب دے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ امریکی اور اسرائیلی دشمن کے تمام مادی اور غیر مادی اثاثے ایرانی افواج کی دسترس میں ہونے چاہئیں۔
ایرانی سپریم لیڈر نے مسلح افواج کو ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے اور دفاعی و انٹیلی جنس صلاحیتوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید مضبوط بنانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے امریکی اور اسرائیلی اثاثوں سے متعلق فوجی اہداف کی فہرست مکمل طور پر اپ ڈیٹ کرنے کا حکم دیا۔
ملاقات کے دوران اعلیٰ عسکری کمانڈروں نے خلیج فارس، آبنائے ہرمز اور بحیرہ عمان میں فوجی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی، جبکہ شمال مغربی اور جنوب مشرقی سرحدوں پر تعینات فورسز کی حربی صلاحیتوں سے بھی آگاہ کیا۔
کمانڈروں نے بریفنگ میں بتایا کہ مختلف اقسام کے جدید جنگی ہتھیاروں کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ جدید جاسوسی اور جنگی ڈرونز کی تیاری پر بھی کام جاری ہے۔