وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے شہریوں کو ڈیجیٹل خطرات سے محفوظ رکھنے اور سائبر سیکیورٹی سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے نیشنل سائبر سیکیورٹی اینڈ سوشل میڈیا آگاہی کونسل قائم کرنے کی تجویز پیش کردی ہے۔
اسلام آباد میں سائبر سیکیورٹی آگاہی ہفتہ 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجوزہ کونسل میں صوبائی حکومتوں، وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور دیگر متعلقہ اداروں کو شامل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس ادارے کے قیام کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ سائبر سیکیورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت کے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی ضروری ہے۔ ڈیجیٹل تحفظ کے مختلف پہلوؤں پر مشترکہ کوششوں کے ذریعے ملک بھر کے شہریوں تک آگاہی مہمات پہنچائی جاسکتی ہیں۔
وفاقی وزیر نے تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹل خواندگی متعارف کرانے پر بھی زور دیا اور تجویز دی کہ اسے اسکولوں، کالجوں اور جامعات کے نصاب کا حصہ بنایا جائے تاکہ طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے پیدا ہونے والے خطرات اور ان سے نمٹنے کے طریقوں سے آگاہ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی نصاب کو ٹیکنالوجی میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق اپ ڈیٹ کرنا ضروری ہے، جس کے لیے تحقیق پر مبنی نظام قائم کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل خواندگی ہر شہری کے لیے لازمی ہونی چاہیے۔
عطاء اللہ تارڑ نے ملک بھر کے اداروں میں ڈیجیٹل خواندگی کے شعبے قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ سرکاری افسران اور بیوروکریٹس کو بھی سائبر سیکیورٹی اور ڈیجیٹل امور سے متعلق تربیت فراہم کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ قومی کونسل معاشرے کے مختلف طبقات کے لیے سال بھر آگاہی سرگرمیوں کے انعقاد میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔