ملک میں انتخابی نظام میں اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، جس کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر، چیئرمین سینیٹ اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور کو خطوط ارسال کردیے ہیں۔
قومی اسمبلی کے ترجمان کے مطابق انتخابی اصلاحات کے لیے 30 رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں قومی اسمبلی کے 20 ارکان اور سینیٹ کے 10 ارکان شامل ہوں گے۔
مجوزہ کمیٹی میں قومی اسمبلی سے حکومت کے 15 اور اپوزیشن کے 5 ارکان شامل کیے جائیں گے، جبکہ چیئرمین سینیٹ کمیٹی کے لیے 10 ارکان کے نام بھجوائیں گے، جن میں حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔
اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی اپوزیشن جماعتوں کو انتخابی اصلاحات کی کمیٹی میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ اپوزیشن وفد سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر اپوزیشن سے رابطہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ایوانوں میں قائم ہونے والی انتخابی اصلاحات کی کمیٹیوں میں تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی نمائندگی یقینی بنانی چاہیے تاکہ انتخابی نظام میں بہتری کے لیے مشترکہ طور پر کام کیا جاسکے۔