ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 11.32 فیصد رہی۔ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر سمیت 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
پاکستان بیورو آف شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق اس دوران 12 اشیا کی قیمتوں میں کمی آئی، جبکہ 24 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آلو 3.27 فیصد اور چنے 2.11 فیصد مہنگے ہوئے، جبکہ لکڑی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
سالانہ بنیادوں پر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔ گندم کا آٹا 35 فیصد اور مرغی 32 فیصد مہنگی ہوئی۔ سرخ مرچ کی قیمت میں 15.55 فیصد، مٹن میں 15 فیصد، ڈبل روٹی میں 12.62 فیصد اور گائے کے گوشت میں 12.10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح پیاز کی قیمت سالانہ بنیادوں پر 9 فیصد جبکہ چائے کی قیمت 8.41 فیصد بڑھ گئی۔
رپورٹ کے مطابق توانائی کے شعبے میں بھی گزشتہ ایک سال کے دوران قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔ ایل پی جی 107 فیصد، بجلی کے نرخ 52.38 فیصد اور ڈیزل 45.13 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ پٹرول کی قیمت میں سالانہ بنیادوں پر 43.61 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔