تازہ ترین

وزیراعظم کا پاکستان چین فرینڈشپ اسپتال میں مریضوں کو مفت علاج فراہم کرنے کا حکم

0

گوادر: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان چین فرینڈشپ اسپتال کی بحالی اور افتتاح کے موقع پر ہدایت کی ہے کہ ملک بھر سے آنے والے مریضوں کو مفت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ علاج کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔

وزیراعظم نے اسپتال کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال سے طبی سہولیات اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ لی۔ انہوں نے مریضوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے حکومتی عزم کا یقین دلایا۔

یہ اسپتال اصل میں کورونا وبا کے دوران چین کی جانب سے پاکستان کو تحفے میں دیا گیا تھا اور ابتدا میں اسے آئسولیشن اسپتال اینڈ انفیکشس ٹریٹمنٹ سینٹر کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔ وبا کے خاتمے کے بعد یہ غیر فعال ہوگیا اور کئی سال تک بند رہا۔ اب اسے پاکستان چین فرینڈشپ اسپتال کے نام سے بحال کیا گیا ہے تاکہ جدید طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں، خصوصاً ان مریضوں کو فائدہ پہنچایا جاسکے جو مہنگے علاج کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے اسپتال کی طویل عرصے تک بندش پر افسوس کا اظہار کیا اور اسے غریب و مستحق افراد کے ساتھ ادارہ جاتی غفلت کی مثال قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک اخباری رپورٹ کے ذریعے اسپتال کی صورتحال کا علم ہونے پر فوری نوٹس لیا اور وزیر صحت کو اس کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مریضوں کے علاج کے اخراجات کا 100 فیصد حصہ برداشت کرے گی، جبکہ انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اسپتال کا انتظام سنبھالے گا۔ انہوں نے وزیر صحت اور اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اسے ایک مثالی طبی ادارہ بنایا جائے، جہاں مستحق مریضوں کو معیاری علاج کی سہولت میسر ہو۔

شہباز شریف نے اسپتال کی کارکردگی، طبی خدمات کے معیار اور انتظامی معاملات کا جائزہ لینے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی وسائل کو انسانیت کی خدمت کے لیے استعمال ہونا چاہیے اور اسپتال کو دیگر سرکاری طبی اداروں کے لیے مثال بننا چاہیے۔

اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے اسپتال کی بحالی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی توجہ کے نتیجے میں آئسولیشن اسپتال کو جنرل اسپتال میں تبدیل کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.