کوئٹہ میں غیر معیاری آٹے کے خلاف کریک ڈاؤن، 24 افراد گرفتار
شہریوں کو غیر معیاری اشیائے خورونوش کی فروخت روکنے کے لیے کوئٹہ میں انتظامیہ نے کارروائیاں تیز کردیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پر غیر معیاری آٹے کی فروخت سے متعلق خبر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کوئٹہ اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مشترکہ ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے۔ کارروائیوں کے دوران غیر معیاری آٹا فروخت کرنے کے الزام میں 24 افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا گیا، جبکہ 4 دکانیں سیل کردی گئیں اور متعدد دکانداروں کو سخت وارننگ جاری کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے کہا کہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے غیر معیاری آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔