تازہ ترین

سندھ میں 9 ماہ کے دوران ریبیز سے 35 افراد جاں بحق، کتوں کے کاٹنے کے 2 لاکھ سے زائد کیسز

0

کراچی: سندھ میں آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے مسئلے نے شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ پیدا کردیا ہے، رواں سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران صوبے میں ریبیز سے 35 افراد جاں بحق جبکہ کتوں کے کاٹنے کے 2 لاکھ سے زائد واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق کراچی کے چار بڑے سرکاری و فلاحی اسپتالوں میں جنوری سے ستمبر کے دوران 40 ہزار سے زائد افراد کو کتوں کے کاٹنے کے بعد طبی امداد فراہم کی گئی۔ انڈس اسپتال کراچی میں اس عرصے کے دوران تقریباً 14 ہزار ڈاگ بائٹ کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ جناح اسپتال اور سول اسپتال کراچی میں تقریباً 10،10 ہزار کیسز سامنے آئے۔

کراچی کے دیگر اسپتالوں میں بھی 9 ماہ کے دوران کتوں کے کاٹنے کے 7 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ انڈس اسپتال کراچی میں ریبیز سے 26 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ انڈس اسپتال بدین میں ایک اور جناح اسپتال کراچی میں 8 اموات رپورٹ ہوئیں۔

ماہرین نے آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات اور کتوں کی نس بندی کو ضروری قرار دیتے ہوئے ویکسینیشن پروگرام کو بھی مؤثر انداز میں چلانے پر زور دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق صرف اسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسین کی دستیابی مسئلے کا مکمل حل نہیں، بلکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے آوارہ کتوں کی آبادی کو بھی کنٹرول کرنا ضروری ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق کتے کے کاٹنے کی صورت میں زخم کو فوری طور پر صابن اور بہتے پانی سے کم از کم 15 منٹ تک دھونا چاہیے اور گھریلو ٹوٹکوں سے گریز کرنا چاہیے۔ بروقت طبی معائنہ، اینٹی ریبیز ویکسین اور ضرورت پڑنے پر ریبیز امیونوگلوبیولین کا استعمال جان بچانے میں مؤثر ثابت ہوسکتا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت بھی کتے کے کاٹنے کے فوراً بعد زخم کو کم از کم 15 منٹ تک صابن اور پانی سے دھونے اور فوری طبی امداد حاصل کرنے کی ہدایت کرتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.