نیتن یاہو کی اچانک ابوظہبی آمد، اماراتی صدر سے اہم ملاقات
ابوظہبی- اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اتوار کو اچانک ابوظہبی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ اسرائیلی حکام نے ملاقات کی تصدیق کی ہے، تاہم دونوں جانب سے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
رائٹرز کے مطابق ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے بتایا کہ نیتن یاہو نے ابوظہبی میں اماراتی صدر سے ملاقات کی۔ نیتن یاہو کے دفتر اور متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے فوری طور پر ملاقات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
نیتن یاہو کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب اسرائیلی اخبار ہاریٹز کی ایک حالیہ رپورٹ کے بعد 7 اکتوبر 2023 سے قبل اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مبینہ رابطے سے متعلق سوالات دوبارہ سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شیخ محمد بن زاید نے 7 اکتوبر 2023 کے حملے سے تقریباً ڈیڑھ ہفتہ قبل نیتن یاہو کو مبینہ طور پر خبردار کیا تھا کہ حماس اسرائیل کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی تیاری کر رہی ہے۔ ہاریٹز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ مبینہ انتباہ اسرائیلی انٹیلی جنس اداروں یا فوج تک نہیں پہنچایا گیا۔
نیتن یاہو نے اس رپورٹ کی تردید کی ہے اور اخبار کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی بھی دی ہے۔ موجودہ صورتحال میں یہ معاملہ اسرائیل میں دوبارہ زیرِ بحث آیا ہے، جبکہ نیتن یاہو کو آئندہ انتخابات کے حوالے سے سیاسی چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔