شادی کو ’شو‘ نہیں بنانا چاہتی تھی`اداکارہتاپسی پنو نےوجہ بتادی
نئی دہلی: بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنو نے اپنی شادی کو میڈیا اور سوشل میڈیا کی نظروں سے دور رکھنے کی وجہ پہلی بار واضح کردی۔ اداکارہ کے مطابق وہ اپنی زندگی کے اس خاص موقع کو عوامی نمائش کے بجائے صرف اپنے قریبی دوستوں اور اہلخانہ کے ساتھ ایک نجی یاد کے طور پر محفوظ رکھنا چاہتی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تاپسی پنو نے رواں برس سابق اولمپک بیڈمنٹن کھلاڑی ماتھیاس بو سے قریبی دوستوں اور اہلخانہ کی موجودگی میں سادگی سے شادی کی تھی، تاہم تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کی گئیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے جان بوجھ کر شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری نہیں کیں، کیونکہ وہ اپنی شادی کو کسی ’شو‘ یا پروموشنل ایونٹ میں تبدیل نہیں کرنا چاہتی تھیں۔
تاپسی پنو نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں مشہور شخصیات کی زندگی کے تقریباً ہر فیصلے پر فوری رائے قائم کی جاتی ہے اور تنقید کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، اسی لیے وہ اپنی شادی کے حوالے سے غیرضروری بحث سے گریز کرنا چاہتی تھیں۔
اداکارہ کے مطابق وہ نہیں چاہتی تھیں کہ ان کے خصوصی دن کی توجہ ان کے لباس، زیورات یا مہمانوں پر مرکوز ہوجائے اور لوگ ان چیزوں کو موضوع بنا کر مختلف تبصرے شروع کردیں۔
تاپسی پنو نے بتایا کہ انہوں نے اپنے قریبی دوستوں اور اہلخانہ کی موجودگی میں انتہائی سادگی اور خوبصورتی کے ساتھ شادی کی تمام رسومات ادا کیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی شادی کو نجی رکھنے کے فیصلے سے بےحد مطمئن ہیں۔