فیلڈ مارشل عاصم منیر اور سعودی وزیر دفاع کی ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب نے مکہ مکرمہ سمیت سعودی عرب میں شہری اور معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کے خلاف مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ریاض میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے دوران مکہ دفاعی معاہدے کے تحت مشترکہ اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں مکہ مکرمہ اور سعودی عرب کی شہری و معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں جانب سے تینوں ممالک کے عسکری سربراہان کے حالیہ اجلاس کے نتائج کو سراہا گیا۔
اس سے ایک روز قبل پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ عسکری حکام کا ریاض میں ہنگامی اجلاس ہوا تھا، جس میں تینوں ممالک کو درپیش سکیورٹی صورتحال اور سعودی عرب کو لاحق خطرات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر، سعودی عرب کے جنرل فیاض بن حامد الرویلی اور ترکیہ کے جنرل سلجوق بائرکتار اولو نے شرکت کی۔ شرکا نے تینوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان خفیہ معلومات کے تبادلے، عسکری رابطہ کاری اور دفاعی صلاحیتوں کے باہمی تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی غور کیا۔
شرکا نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مشترکہ دفاع کے عزم کا اعادہ کیا اور مکہ دفاعی معاہدے کے تحت طے شدہ تعاون کو عملی شکل دینے پر اتفاق کیا۔