تازہ ترین

تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچائیں گے، وزیر پٹرولیم

0

لاہور: عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں کم ہوتے ہی اس کا فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے گا۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم حکومت مشکل وقت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

وزیر پٹرولیم کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونا شروع ہوئیں تو حکومت اس کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے تک کی رعایت کی اسکیم بھی جاری ہے اور اب تک 60 لاکھ سے زائد گاڑیوں کے مالکان اس کے لیے رجسٹریشن کراچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر عوام کو ریلیف دینے کے لیے موجودہ نظام کو مزید دس ماہ تک جاری رکھنا پڑا تو حکومت اپنے بجٹ سے 400 سے 500 ارب روپے تک مختص کرنے پر بھی غور کرے گی۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور حکومت عوام کی مشکلات سے آگاہ ہیں اور موجودہ مشکل صورتحال میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر پٹرولیم نے ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ریاستی اداروں اور سیاسی قیادت کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کے خاندانوں سے ملاقات کریں۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے خیبرپختونخوا کو بکتر بند گاڑیاں فراہم کرنے کے مطالبے کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ صوبے کو درکار وسائل کی فراہمی پر توجہ دی جانی چاہیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.