تازہ ترین

30 ستمبر تک شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری

0

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے بالائی علاقوں میں 25 سے 30 ستمبر کے دوران شدید بارشوں، گرج چمک اور ممکنہ فلیش فلڈ کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 25 اور 26 ستمبر کے دوران شدت اختیار کرسکتا ہے، جس کے باعث پہاڑی علاقوں اور برساتی ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برساتی نالوں میں طغیانی کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔

متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھے جائیں اور حساس علاقوں میں ایمرجنسی رسپانس ٹیموں اور وسائل کو تیار رکھا جائے۔

دریں اثنا، فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق 29 ستمبر تک اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

عوام کو پہاڑی علاقوں، برساتی نالوں اور نشیبی مقامات پر غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز اور موسمی صورتحال سے متعلق جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.