کشیدگی میں اضافہ یوکرین کے لیے صورتحال مزید خراب کرے گا، پیوٹن
ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ یوکرین کی جانب سے کشیدگی بڑھانے یا اشتعال انگیز اقدامات کے ذریعے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کی کوششیں صورتحال کو مزید پیچیدہ کرسکتی ہیں۔
روسی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیوٹن نے کہا کہ ماسکو نے یوکرین کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کے لیے آمادگی ظاہر کی تھی، تاہم ان کے بقول حالیہ حملوں کے بعد روس کو اپنے آئندہ اقدامات پر غور کرنا ہوگا۔
روسی صدر نے یوکرین پر ماسکو اور دیگر علاقوں میں حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ روس ان اقدامات کے جواب میں کارروائیاں جاری رکھے گا۔
پیوٹن نے کہا کہ جنگ کے خاتمے سے متعلق مختلف تجاویز اب بھی زیرِ غور ہیں، تاہم روس اپنے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل طے کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشیدگی میں اضافہ کرکے نتائج حاصل کرنے کی کوششیں الٹا صورتحال کو مزید خراب کرسکتی ہیں۔
روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے دوران دونوں جانب سے حملوں اور جوابی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے سفارتی کوششیں بھی زیرِ بحث ہیں۔