تازہ ترین

سندھ میں نئے انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی ضرورت ہے، ایم کیو ایم پاکستان

0

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنماؤں وسیم اختر اور ڈاکٹر فاروق ستار نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے سندھ کی تقسیم سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں خون خرابے کی باتیں کرنے کے بجائے پیپلز پارٹی کو اپنی 18 سالہ حکمرانی اور عوامی مسائل کا جواب دینا چاہیے۔

ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر نے کہا کہ سندھ کے سرکاری اسکولوں میں تعلیم اور اسپتالوں میں علاج کی مناسب سہولیات میسر نہیں، جبکہ کرپشن اور لوٹ مار کے مسائل بھی موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے بجائے بلاول بھٹو کو خون خرابے کی باتیں کیوں یاد آرہی ہیں؟

وسیم اختر نے کہا کہ سانحہ پکا قلعہ اور 27 دسمبر جیسے واقعات کا حوالہ دے کر عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش نہیں کی جانی چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ صرف کراچی اور حیدرآباد میں خون خرابے کا خدشہ کیوں ظاہر کیا جاتا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ اب مہاجر اور سندھی عوام آپس میں نہیں لڑیں گے بلکہ دونوں قومیتوں کے لوگ امن، بھائی چارے، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ کراچی اور حیدرآباد کے شہریوں کو لڑائی کے بجائے بااختیار نظام، بہتر انتظامی ڈھانچے اور اپنے مسائل کے حل کی ضرورت ہے۔

وسیم اختر نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی ضرورت ہے اور عوام ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی جدوجہد آئینی اور قانونی طریقے سے جاری رہے گی۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ یکم جنوری 2027 کا سورج کئی صوبوں کے پاکستان کے ساتھ طلوع ہوگا اور دسمبر میں ملک بھر میں ریفرنڈم ہوگا۔

لیاقت آباد نمبر 9 کی دارالسلام مسجد میں انتظامی یونٹس کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ان کے آباؤ اجداد نے پاکستان کو انگریزوں سے آزاد کرایا تھا اور اب ان کی نسلیں ملک کو کالے انگریزوں سے آزاد کرانے جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک انتظامی اصلاحات کے نام پر مختلف تجربات کیے جاتے رہے ہیں، تاہم اب جہاں جہاں صوبوں کے قیام کی تحریکیں موجود ہیں وہاں قومی منظرنامہ تبدیل ہو رہا ہے اور انتظامی یونٹس کے قیام کی بات کی جا رہی ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ ان کے خیال میں چار صوبوں کا پاکستان 2026 میں رخصت ہوگا اور 2027 میں کئی صوبوں کا پاکستان شروع ہو جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.