تازہ ترین

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی اور ایرو اسپیس تعاون بڑھانے پر اتفاق

0

اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ نے دفاعی اور ایرو اسپیس کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جبکہ پاک فضائیہ نے ترک فضائیہ کے پائلٹس کی تربیت اور پیشہ ورانہ استعداد میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رافت دالکیران کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں وفد نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر ترک مہمان کو پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی شراکت داری ایک مضبوط تزویراتی تعلق میں تبدیل ہو چکی ہے، جس میں دفاع اور ایرو اسپیس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے ترک فضائیہ کے پائلٹس کی تربیت، پیشہ ورانہ ترقی اور استعداد کار میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ترک فضائیہ کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تجربے اور جنگی صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی جدیدکاری اور مقامی سطح پر بڑھتی ہوئی ایرو اسپیس صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔

ترک ایئر چیف نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے پاک فضائیہ کے آپریشنل تجربے سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.