تازہ ترین

بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ساتھ فیک نیوز کا چیلنج بھی درپیش ہے، حمزہ شفقات

0

کوئٹہ: ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان محمد حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ساتھ فیک نیوز اور سوشل میڈیا پر منفی بیانیے کا پھیلاؤ بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ ان کے بقول دشمن عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کوئٹہ میں منعقدہ پانچ روزہ نیشنل ویمن لیڈرشپ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد حمزہ شفقات نے دعویٰ کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی خصوصاً دشمن ممالک کی مبینہ سرپرستی میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف بیانیے کی جنگ نہیں بلکہ اس کے اثرات سوشل میڈیا کے ذریعے بھی پھیلائے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گردوں کی سرپرستی کرنے والے عناصر اس مقصد کے لیے سوشل میڈیا استعمال کر رہے ہیں، جبکہ ان کے سرورز نئی دہلی، کابل اور تل ابیب سے آپریٹ ہونے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ساتھ معصوم شہری بھی پاکستان کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دو چیف جسٹس صاحبان اور 60 سے زائد وکلا بھی دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہو چکے ہیں۔

انہوں نے فیک نیوز کو ایک اہم چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن عناصر جعلی خبروں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے کے ساتھ ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، خصوصاً خواتین کو اس حوالے سے قومی ذمہ داری نبھانی چاہیے۔ صوبے میں پہلی مرتبہ خواتین کانفرنس کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی ایک مثال ہے۔

محمد حمزہ شفقات نے کہا کہ پوری قوم ایک سفاک دشمن کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہے، جو نہ صرف دیگر صوبوں کے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بناتا ہے بلکہ بلوچستان کے اپنے پولیس اہلکاروں کو بھی نہیں بخشتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مانگی ڈیم پر دہشت گرد حملے کے دوران پولیس اہلکاروں کو زندہ حالت میں تیزاب پلایا گیا تھا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.