تازہ ترین

ایران کی آبنائے ہرمز 48 گھنٹوں میں کھولنے کی پیشکش

0

تہران: ایران نے امریکا کے ساتھ ممکنہ معاہدے کی صورت میں آبنائے ہرمز کو 48 گھنٹوں کے اندر دوبارہ کھولنے کی تجویز پیش کردی ہے، جس کے تحت پہلے روز امریکا کی جانب سے مخصوص اقدامات اور دوسرے روز بحری جہازوں کی آمدورفت بحال کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے مطابق قطر کی ثالثی میں ہونے والی بات چیت کے نتیجے میں پہلے پیش کیے گئے سات روزہ منصوبے کو مختصر کرکے دو روز تک محدود کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی تجویز کے تحت امریکا پہلے روز مطلوبہ اقدامات کرے گا، جس کے بعد دوسرے روز آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول کر بحری نقل و حرکت معمول پر لائی جاسکے گی۔

اس سے قبل ایران نے سات روزہ منصوبہ پیش کیا تھا، جس میں آبنائے ہرمز کو چھٹے روز کھولنے کی تجویز شامل تھی۔ قطری ثالثوں سے مشاورت کے بعد اس منصوبے کو مختصر کرکے 48 گھنٹوں تک محدود کرنے کی بات سامنے آئی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ معاہدے کی صورت میں آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمدورفت دو روز کے اندر بحال کی جاسکتی ہے۔ ان کے مطابق امریکا کے ساتھ بات چیت کی بنیاد ایران کا سات نکاتی منصوبہ ہے، جسے مختصر کرکے دو روز میں عمل درآمد کے قابل بنایا گیا ہے۔

تاہم بقائی نے واضح کیا کہ جب تک امریکی بحری ناکہ بندی ختم نہیں کی جاتی اور ایران کے جائز مطالبات پر عمل درآمد نہیں ہوتا، اس وقت تک کوئی معاہدہ نہیں ہوگا اور نہ ہی آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولا یا محفوظ بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تہران کی پیش کردہ تجویز ہی واحد حقیقی اور قابل عمل منصوبہ ہے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے خط کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی نئی تجویز پیش نہیں کی گئی اور ثالثوں کے ذریعے ہونے والے بالواسطہ رابطوں کی بنیاد ایران کا سات نکاتی منصوبہ ہی ہے۔

اسماعیل بقائی کے مطابق چونکہ یہ خط ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی کے نام بھیجا گیا ہے، اس لیے اس کا جواب دینے کے طریقہ کار اور نوعیت کا فیصلہ بھی انہی کا اختیار ہوگا۔

واضح رہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری کو خط بھیجا ہے، جس میں امریکی حکام کے مطابق مذاکرات کی بحالی اور ادویات سمیت بعض ضروری اشیا کی ایران درآمد میں سہولت فراہم کرنے سے متعلق تجاویز شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.