تازہ ترین

عمران خان سے ملاقات کی درخواست 5 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر

0

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے جیل میں ملاقات کی اجازت کے لیے نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے ارکان کی درخواست 5 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔

جسٹس عمیر مجید ملک جمعرات کو درخواست پر سماعت کریں گے۔ درخواست کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔

نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے سینئر وکیل فیصل فرید چوہدری کے ذریعے درخواست دائر کر رکھی ہے، جس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، سابق گورنر عمران اسماعیل، محمود مولوی اور بیرسٹر سیف درخواست گزاروں میں شامل ہیں۔ درخواست میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ہوم پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے دوست ہونے کے ناطے انہیں ان کی صحت اور خیریت سے متعلق شدید تشویش ہے۔ انہوں نے جیل حکام کے مبینہ نامناسب رویے اور بدسلوکی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی صحت اور خیریت کے حوالے سے بھی گہری تشویش ظاہر کی گئی ہے۔

درخواست کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ، دوستوں اور قریبی رشتہ داروں کو کئی ماہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں پر پابندی کے باعث سوشل میڈیا پر افواہوں اور قیاس آرائیوں کو فروغ مل رہا ہے، جبکہ عوامی سطح پر بھی بے چینی اور تشویش بڑھ رہی ہے۔

درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سیاسی استحکام، آئین کی بالادستی اور قومی مصالحت کے لیے عدالت سے رجوع کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی آئین کے آرٹیکل 9 اور 14 سمیت جیل قوانین کی خلاف ورزی ہے اور یہ پابندی اقوام متحدہ کے نیلسن منڈیلا رولز کے بھی منافی ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پاکستان پریزن رولز 1978 کے تحت بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات اور انٹرویو کی اجازت دی جائے۔ اس کے علاوہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے وفد کی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کرانے کا حکم دینے کی بھی درخواست کی گئی ہے، تاکہ دونوں کی صحت، فلاح و بہبود اور قانونی تحفظ کا جائزہ لیا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.