تازہ ترین

کوئٹہ میں دو روزہ ویکسنٹ نمائش اختتام پذیر ہوگئی

0

بلوچستان کی خواتین کاروباری شخصیات اور ہنرمند خواتین کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے اور کاروباری روابط بڑھانے کا موقع فراہم کرنے والی دو روزہ ویکسنٹ نمائش کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی۔

بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے اشتراک سے بیوٹمز ایکسپو سینٹر کوئٹہ میں منعقدہ نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ یہ پروگرام توقعات سے بڑھ کر کامیاب رہا اور اس میں صوبے بھر سے خواتین کاروباری شخصیات اور ہنرمند خواتین نے اپنی مصنوعات اور صلاحیتیں پیش کیں۔

انہوں نے کہا کہ نمائش سے خواتین کی حوصلہ افزائی کے ساتھ انہیں نئی کاروباری منڈیوں اور مواقع تک رسائی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ بلوچستان کی خواتین میں بے پناہ صلاحیت اور کاروباری استعداد موجود ہے، تاہم انہیں آگے بڑھنے کے لیے مناسب پلیٹ فارم، تربیت، سہولیات اور منڈیوں تک رسائی فراہم کرنا ضروری ہے۔

بلال خان کاکڑ نے نمائش کے انعقاد میں تعاون پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور ان کے لیے روزگار و کاروبار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی نمائشیں خواتین کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے، کاروباری روابط قائم کرنے اور قومی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سیکرٹری شہریار تاج نے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اور اس کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کاروباری شخصیات کو اپنی مصنوعات کی تشہیر اور کاروبار کے فروغ کے لیے مواقع فراہم کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے۔

شہریار تاج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی بلوچستان کی خواتین کاروباری شخصیات کو نمائشوں اور دیگر کاروباری تقریبات میں بھرپور نمائندگی اور شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.