تازہ ترین

بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، سرفراز بگٹی

0

کیچ: بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ کے میناز میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا، جبکہ دو خواتین کو اغوا کرنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے علاقے میں ناکہ بندی کے دوران دو خواتین کو زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔ اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کیا، جس کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جس کی تحویل سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں روپوش دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور ان کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے میناز، بلیدہ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں امن دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک کرنا سیکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی ہے، جبکہ دو خواتین کو اغوا ہونے سے بچانے کے لیے بروقت کارروائی فورسز کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی۔

میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک ریاستی کوششیں جاری رہیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.