اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے زراعت اور خوراک کے شعبوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے، سائنسی تحقیق کو فروغ دینے اور کسانوں کی معاونت بہتر بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
عالمی یومِ خوراک کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، پانی کی قلت، زمین کی زرخیزی میں کمی، پیداواری اخراجات میں اضافے اور خوراک کی ترسیل میں رکاوٹوں جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور اختراعی اقدامات ناگزیر ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کو کسانوں کے روایتی علم اور عملی تجربات کے ساتھ مربوط کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے قومی زرعی و غذائی تحفظ کونسل قائم کی گئی ہے، جو بہتر بیجوں، زرعی مشینری، ڈیجیٹل نظام، مؤثر آبپاشی اور کسانوں کو منڈیوں سے منسلک کرنے کے اقدامات کو فروغ دے گی۔
وزیراعظم نے چھوٹے کسانوں کے لیے آسان قرضوں کی فراہمی، ذخیرہ کرنے کی سہولیات میں بہتری اور زرعی مصنوعات کی پراسیسنگ کو مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فصلوں، حلال گوشت اور ماہی گیری کے شعبوں میں موجود صلاحیت سے فائدہ اٹھا کر برآمدات میں اضافہ اور درآمدات پر انحصار کم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے صوبائی حکومتوں، کسانوں، محققین، نجی شعبے اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ ایک مضبوط، جامع اور پائیدار غذائی نظام کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔