لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) نے حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں 15 اکتوبر کو ملتان میں مفتی محمود کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس میں مولانا فضل الرحمان سمیت مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔
جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق کانفرنس کا مقصد عوامی حقوق کے تحفظ، مہنگائی اور بدامنی کے خلاف آواز بلند کرنا ہے، جبکہ اسے جنوبی پنجاب کی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مفتی محمود کانفرنس جنوبی پنجاب کی سیاسی سمت کا تعین کرے گی اور مولانا فضل الرحمان احتجاجی تحریک کے آئندہ مرحلے کا اعلان کریں گے۔
مولانا عبدالغفور حیدری سمیت دیگر مرکزی اور صوبائی رہنماؤں کی بھی کانفرنس سے خطاب کی توقع ہے۔
جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ جماعت ملک میں قانون کی حکمرانی، شفاف انتخابات اور عوامی مسائل کے حل کیلئے میدان عمل میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدامنی، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، اس لیے عوام کو اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے جے یو آئی کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔
اسلم غوری نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ نظم و ضبط اور یکسوئی کے ساتھ کانفرنس کی تیاریوں کو تیز کریں اور عوام کو بھرپور شرکت کی دعوت دیں۔