نیویارک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے خطے اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری سکیورٹی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تنازعات کے پرامن حل اور عالمی قوانین کی پاسداری پر زور دیا ہے۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے کونسل کے 27ویں غیر رسمی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے حل کیلئے پرامن اور مذاکراتی راستے پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے ای سی او کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ خطے کے تقریباً 50 کروڑ عوام کے امن، استحکام، لچک اور مشترکہ خوشحالی کیلئے اپنی اجتماعی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں بروئے کار لائیں۔
اجلاس میں آذربائیجان، ایران، کرغزستان، تاجکستان اور دیگر ای سی او رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ ای سی او کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان نے بھی کونسل کو بریفنگ دی۔
پاکستان 2026-27 کیلئے ای سی او وزرائے کونسل کی صدارت کر رہا ہے، جس کا موضوع ”علاقائی تعاون کی بحالی، مضبوط اور لچکدار ای سی او کیلئے“ مقرر کیا گیا ہے۔
نائب وزیراعظم نے ای سی او رکن ممالک کا پاکستان پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے تنظیم کے مقاصد کو آگے بڑھانے اور علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔