تازہ ترین

آئی ایم ایف مشن کا اسٹیٹ بینک کی معاشی بریفنگ پر اظہار اطمینان

0

اسلام آباد- پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے درمیان جاری اقتصادی جائزے کے سلسلے میں تکنیکی سطح کی بات چیت کے بعد پالیسی سطح کے مذاکرات پیر سے اسلام آباد میں شروع ہونے جارہے ہیں، جبکہ اسٹیٹ بینک حکام کی جانب سے معاشی صورتحال پر دی گئی بریفنگ پر آئی ایم ایف مشن نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن نے کراچی میں اسٹیٹ بینک حکام اور سندھ حکومت کے ساتھ ابتدائی مذاکرات کیے، جس کے بعد مشن اسلام آباد منتقل ہوا ہے۔

اسٹیٹ بینک حکام نے آئی ایم ایف مشن کو ملکی معاشی کارکردگی، زرمبادلہ ذخائر، مانیٹری پالیسی، درآمدات، فارن ایکسچینج اور کرنٹ اکاؤنٹ سے متعلق صورتحال پر بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے زرمبادلہ ذخائر کو 17 ارب ڈالر سے زائد رکھنے کا ہدف حاصل کرلیا ہے، جبکہ آئی ایم ایف مشن کو براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے اور بیرونی فنانسنگ سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے بھی صوبے کی مالی کارکردگی پر آئی ایم ایف مشن کو بریفنگ دی گئی۔ حکام کے مطابق 30 جون 2026 تک سندھ کی ٹیکس آمدنی 593 ارب روپے جبکہ نان ٹیکس آمدنی 80 ارب روپے رہی۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آئندہ مرحلے میں معاشی پالیسیوں، پروگرام اہداف اور مختلف شعبوں میں اصلاحات پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ آئی ایم ایف مشن کا موجودہ جائزہ پاکستان کے جاری مالی پروگرام کے تحت معاشی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے کیا جارہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.