کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بینائی سے محروم شہری محمد زاہد کے علاج اور بحالی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ ان کے بے روزگار دوست جان محمد کو روزگار فراہم کرنے کے لیے رکشہ بھی تحفے میں دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے محمد زاہد سے ملاقات کے دوران ان کی مالی معاونت کی اور یقین دلایا کہ بینائی کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ اس موقع پر ان کے دوست جان محمد کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے رکشہ دیا گیا۔
محمد زاہد اور جان محمد نے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی معاونت اور ہمدردی کو سراہا۔ محمد زاہد نے کہا کہ وزیراعلیٰ عوام کے دکھ درد کو سمجھتے ہیں اور مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ اس سے قبل بھی ان کے علاج کے لیے 10 لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم کر چکے ہیں اور روزگار کا بندوبست بھی کیا تھا۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ نے ہمیشہ ان کی مشکلات کو سمجھا اور انہیں کبھی خالی ہاتھ واپس نہیں بھیجا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انسانیت کی خدمت ہی اصل خدمت ہے اور کسی ضرورت مند کے چہرے پر مسکراہٹ لانا ان کے لیے سب سے بڑا اطمینان ہے۔
انہوں نے محمد زاہد کو یقین دلایا کہ ان کی آنکھوں کے علاج اور بینائی کی بحالی کے لیے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ اگر علاج لندن، امریکہ، دبئی یا دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک میں ممکن ہوا تو وہاں بھی علاج کے انتظامات کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مشکل میں گھرے شہریوں کا سہارا بننا ریاست کی ذمہ داری ہے اور کسی مستحق شہری کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ معذوری کسی انسان کی صلاحیتوں اور عزت نفس میں کمی کا باعث نہیں بنتی، ایسے افراد کو باعزت زندگی گزارنے اور خودمختار روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ بلوچستان کا کوئی بھی مستحق شہری علاج، روزگار اور بنیادی سہولیات سے محروم نہ رہے، کیونکہ انسانیت کی خدمت ہی ان کا نصب العین ہے۔