تازہ ترین

انڈر 19 ایشیا کپ: عثمان خان کی ناقابل شکست سنچری، پاکستان کا فاتحانہ آغاز

0

مسقط: دفاعی چیمپئن پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔

مسقط کے الامیرات کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے تیسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد یو اے ای کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 224 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

یو اے ای کی جانب سے نوراللہ ایوبی نے 70 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ یائن کرن رائے 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد صیام نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی رضا، رضوان اللہ اور حسنین عباس ڈار نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نقاب شفیق نے ایک وکٹ حاصل کی۔

225 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز عثمان خان اور جہانگیر بلال نے 153 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔ جہانگیر بلال 60 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے۔

عثمان خان نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 139 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ عبدالقادر 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح پاکستان نے مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف اتوار کو کھیلے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.