تازہ ترین

محسن رضائی کی پیوٹن سے ملاقات، مجتبیٰ خامنہ ای کا خصوصی پیغام روسی صدر کے حوالے

0

ماسکو: ایران اور روس کے درمیان اعلیٰ سطح کے سفارتی رابطوں میں تیزی آگئی ہے، ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کرکے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کا خصوصی پیغام ان کے حوالے کیا ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق محسن رضائی نے 5 نومبر کو کریملن میں ہونے والی ملاقات کے دوران روسی صدر کو مجتبیٰ خامنہ ای کا پیغام پہنچایا، تاہم اس پیغام کے مندرجات منظر عام پر نہیں لائے گئے۔ کریملن نے بھی دونوں رہنماؤں کی ملاقات کی تصدیق کی، تاہم روسی حکام کی جانب سے گفتگو کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

ملاقات کے بعد محسن رضائی نے بتایا کہ روسی صدر کے ساتھ اہم علاقائی معاملات، ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ کے بعد کی صورتحال اور خطے میں سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ان کے مطابق جنگ کے خاتمے اور مستقبل میں خطے کے استحکام سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق محسن رضائی نے یہ بھی بتایا کہ صدر پیوٹن نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی مذمت کی اور جنگ کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے اسے جلد ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ رضائی کے بقول روسی صدر نے جنگ کے خاتمے کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق مدد فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔

ملاقات میں توانائی کے شعبے میں تعاون کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ محسن رضائی کے مطابق روس سے ایران تک گیس پائپ لائن تعمیر کرنے کی تجویز پر گفتگو ہوئی، جس کا مقصد ایران میں گیس کی قلت دور کرنے کے ساتھ روسی گیس کو ایران کے پڑوسی ممالک تک فروخت کرنے کے امکانات پیدا کرنا ہے۔ تاہم اس منصوبے کے حوالے سے کسی حتمی معاہدے، مالی تفصیلات یا تعمیراتی شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ اور اس کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ اس سے قبل 2 نومبر کو بھی پیوٹن اور محسن رضائی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا، جس میں مغربی ایشیا کی صورتحال اور علاقائی و عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

ملاقات میں روسی صدر کے معاون یوری اوشاکوف اور فوجی انٹیلی جنس کے سربراہ ایگور کوستیوکوف بھی شریک تھے، جبکہ ایرانی وفد میں علی باقری کنی اور ماسکو میں ایران کے سفیر کاظم جلالی شامل تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.