کراچی: ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کے باوجود کراچی سمیت سندھ کے موسم سے متعلق محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فی الحال کراچی سمیت سندھ میں مون سون کا کوئی نیا سسٹم اثر انداز نہیں ہو رہا، تاہم صوبے کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ رواں ماہ اگست کے دوران سندھ میں معمول سے کم بارشیں ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر مون سون کی سرگرمیاں محدود رہ سکتی ہیں۔
کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں اور تھرپارکر کے بعض علاقوں میں ہلکی بوندا باندی متوقع ہے، تاہم فی الحال کسی بڑے بارشی سسٹم کے اثر انداز ہونے کی پیشگوئی نہیں کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے، جبکہ دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہریوں کو موسم میں اچانک تبدیلی اور بوندا باندی کے امکانات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔ دوسری جانب ملک کے دیگر علاقوں میں مون سون کی سرگرمیاں جاری رہنے کے باعث مختلف مقامات پر بارش کا سلسلہ برقرار رہنے کی توقع ہے۔