تازہ ترین

روسی اور یوکرینی حملوں میں 13 ہلاکتیں، جنگ بندی کی کوششیں بھی بے نتیجہ

0

روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ایک بار پھر شدید حملوں کی لپیٹ میں آگئی ہے، دونوں جانب مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ سفارتی سطح پر جنگ بندی کی کوششیں بھی تاحال کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکیں۔

رپورٹس کے مطابق حالیہ حملوں میں یوکرین میں 7 جبکہ روس میں 4 افراد ہلاک ہوئے، اس کے علاوہ روس کے زیر قبضہ کریمیا میں بھی 2 ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

یوکرین کے شہر کریوی ریہ میں امدادی ٹیمیں ایک شاپنگ سینٹر کے ملبے میں تلاش کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایک روز قبل روسی ڈرون حملے میں شاپنگ سینٹر کو نقصان پہنچا تھا، جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

دوسری جانب فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے یوکرین کو مزید فضائی دفاعی میزائل فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یوکرین کو اپنی فضائی حدود کے تحفظ اور روسی حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری دفاعی وسائل فراہم کرنا اہم ہے۔

رپورٹس کے مطابق روس نے حالیہ عرصے میں یوکرین کے مختلف شہروں، خصوصاً دارالحکومت کیف، پر بیلسٹک میزائل حملوں میں اضافہ کیا ہے۔

ادھر جنگ بندی کے لیے جاری سفارتی کوششیں بھی کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکیں۔ امریکا کی کوششوں سے روس اور یوکرین کے درمیان براہِ راست مذاکرات کے کئی ادوار ہوئے، تاہم مستقل جنگ بندی کے حوالے سے اب تک نمایاں پیش رفت نہیں ہوسکی۔

فرانس اور برطانیہ کی قیادت میں اتحادی ممالک کا اجلاس بھی متوقع ہے، جس میں روس پر جنگ روکنے کے لیے دباؤ بڑھانے اور یوکرین کی دفاعی صلاحیت مضبوط بنانے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

دوسری جانب روسی حکام کے مطابق جنوبی روس کے علاقے ییسک میں یوکرینی ڈرون حملے کے دوران ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا، جس میں دو بچے ہلاک جبکہ ان کے والدین زخمی ہوگئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.