حج 2027 کی تیاریوں کے سلسلے میں پرائیویٹ اسکیم کے تحت عازمین سے واجبات کی وصولی شروع کردی گئی ہے، جبکہ وزارت مذہبی امور نے فراڈ سے بچنے کے لیے ادائیگیوں اور پیکیج کے انتخاب کا عمل صرف سرکاری ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزارت کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم سے متعلق تمام مالی معاملات حج پورٹل کے ذریعے مکمل کیے جائیں گے۔ عازمین پاک حج ایپ یا حج پورٹل کے ذریعے مجاز حج منظم کمپنی کا انتخاب کرنے کے ساتھ اپنی پسند کا حج پیکیج بھی منتخب کرسکتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ عازمین گھر بیٹھے حج پورٹل کے ذریعے واجبات ادا کرسکتے ہیں۔ کسی بھی حج منظم کمپنی کو براہِ راست رقم وصول کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین کو غیر مجاز ایجنٹوں اور افراد سے محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی شخص یا کمپنی کو نقد رقم یا چیک دینے سے گریز کیا جائے۔
غیر مجاز ذرائع کو ادائیگی کی صورت میں ہونے والے نقصان کی ذمہ داری عازم حج پر ہوگی۔
وزارت کے مطابق پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے ہونے والی تمام ادائیگیوں کی نگرانی وزارت مذہبی امور کرے گی تاکہ حج کے مالی معاملات میں شفافیت برقرار رکھی جاسکے اور عازمین کو ممکنہ فراڈ سے محفوظ رکھا جاسکے۔
حکام کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت پہلے سے رجسٹرڈ افراد بھی حج پورٹل کے ذریعے مجاز کمپنی اور حج پیکیج کا انتخاب کرسکتے ہیں، جبکہ نئی رجسٹریشن کا عمل بھی پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے جاری ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے لیے 71 ہزار 696 عازمین کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔