تازہ ترین

وزیر خارجہ اسحاق ڈار لندن پہنچ گئے، بحری سلامتی اور علاقائی صورتحال پر بھی بات چیت ہوگی

0

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار برطانیہ کے سرکاری دورے پر لندن پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کی برطانوی حکومت کے اعلیٰ حکام اور عالمی اداروں کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں طے ہیں۔ دورے کے دوران پاک برطانیہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور سمیت مختلف اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار 24 سے 28 اگست 2026 تک برطانیہ کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچنے پر برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے ان کا استقبال کیا۔

دورہ برطانیہ کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کی برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات ہوگی۔ اس کے علاوہ پاکستان کے لیے دفتر خارجہ و ترقیاتی امور کے وزیر مملکت اسٹیفن ڈوٹی سمیت برطانوی حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔

ملاقاتوں میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات، سیاسی و سفارتی تعاون، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر گفتگو کی جائے گی۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے امکانات بھی زیر بحث آنے کی توقع ہے۔

اسحاق ڈار اپنے دورے کے دوران انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل آرسینیو ڈومنگیز سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں خطے کی بحری سلامتی اور سمندری معاملات سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل شرلی آیورکور بوچوے سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر دولت مشترکہ کے پلیٹ فارم پر پاکستان کے کردار اور باہمی تعاون سے متعلق امور زیر غور آنے کا امکان ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کے دورہ برطانیہ کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب پاکستان مختلف علاقائی اور عالمی معاملات پر سفارتی رابطے بڑھا رہا ہے، جبکہ برطانیہ کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.