تازہ ترین

دمشق اور اسلام آباد میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ، شامی وزیر خارجہ کا اہم دورہ مکمل

0

پاکستان اور شام کے درمیان طویل وقفے کے بعد اعلیٰ سطحی سفارتی رابطوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کے 19 سال بعد پاکستان کے دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات میں نئے مرحلے کا آغاز قرار دیا گیا ہے۔

شامی خبررساں ادارے کے مطابق دورے کے دوران پاکستان اور شام کے درمیان سیاسی، سیکیورٹی اور اقتصادی تعاون مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شامی وزیر خارجہ نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد کا دورہ کیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی تعاون کے نئے دور کا آغاز قرار دیا گیا۔

پاکستان نے شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور مقبوضہ جولان کے معاملے پر شام کے مؤقف کی حمایت کا اعادہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے ادلب کے ابو الظہور ہوائی اڈے پر اسرائیلی حملوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مذمت کی۔

شامی وزیر خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے علاقائی کردار کو سراہا۔

دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور تجارتی روابط بڑھانے کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

اس کے علاوہ دمشق یا اسلام آباد میں سرمایہ کاری فورم کے انعقاد اور امریکا ایران کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے ممکنہ کردار پر بھی بات کی گئی۔

شامی مشیر محمد الجفال نے کہا کہ یہ دورہ ایسے اہم وقت میں ہوا ہے جب دونوں ممالک کے تعلقات مزید تعاون کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.