بلوچستان کوئلہ کان حادثہ، 34 جاں بحق کان کنوں کے لواحقین میں 20،20 لاکھ روپے تقسیم
بلوچستان کے المناک کوئلہ کان حادثے میں جاں بحق ہونے والے 34 کان کنوں کے خاندانوں کو وفاقی حکومت کی جانب سے مالی امداد فراہم کردی گئی، ہر متاثرہ خاندان کو 20 لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے امدادی چیکس تقسیم کیے گئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق جولائی 2026 میں پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق 34 کان کنوں کے لواحقین میں فی خاندان 20 لاکھ روپے کے امدادی چیکس تقسیم کیے گئے۔
این ڈی ایم اے کی ٹیم نے خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں مقامی نمائندہ ڈاکٹر عباد اللہ کی معاونت سے متاثرہ خاندانوں میں چیکس تقسیم کیے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا جبکہ مشکل کی گھڑی میں ان خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔