تازہ ترین

خیبر پختونخوا میں موسلا دھار بارشیں، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے کئی راستے متاثر

0

خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں نے معمولات زندگی متاثر کردیے ہیں، ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی ریلوں کے باعث متعدد سڑکیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، چترال، بٹگرام اور بونیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ خیبر، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، ہنگو، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، کرک اور بنوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

موسمیاتی حکام کے مطابق ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پیر کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم سوات، کوہستان، بٹگرام، شانگلہ اور وزیرستان میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہ سکتی ہے۔

دوسری جانب دیر بالا اور دیر لوئر کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے جبکہ دریائے پنجکوڑہ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے۔

پاتراک کوہستان سے وادی کمراٹ تک سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور متعدد مقامات پر سڑکیں سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوئی ہیں۔

وادی کمراٹ روڈ پاتراک کے مقام پر سیلابی ریلے میں بہہ گئی، جس کے باعث چھوٹی بڑی گاڑیاں پھنس گئیں جبکہ سیاح اور مسافر بھی راستوں میں محصور ہوکر رہ گئے۔

گولدائی کوہستان اور ڈوگ درہ میں بھی سڑکیں متاثر ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں تاحال امدادی سرگرمیاں شروع نہ ہوسکیں جبکہ مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.