انمول عرف پنکی منشیات کے 3 مقدمات میں بری
کراچی — انمول عرف پنکی کو منشیات سے متعلق تین مقدمات میں عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی نے گذری تھانے میں درج مقدمات میں ملزمہ کی بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسے تینوں کیسز سے بری کردیا۔
عدالت نے انمول عرف پنکی کے خلاف 2020، 2021 اور 2022 میں گذری تھانے میں درج کیے گئے منشیات کے تین مقدمات کی سماعت کے بعد بریت کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔
ملزمہ کے وکیلِ صفائی نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ انمول عرف پنکی کو ان مقدمات میں شریک ملزمان کے بیانات کی بنیاد پر شامل کیا گیا تھا، تاہم ان مقدمات میں نامزد دو شریک ملزمان پہلے ہی عدالت سے بری ہوچکے ہیں۔
وکیل صفائی کے مطابق عدالت نے علی اور فہمیدہ نامی شریک ملزمان کو 2024 میں بری کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب مقدمات کے شریک ملزمان ہی بری ہوچکے ہیں تو انمول عرف پنکی کے خلاف بھی سزا کے امکانات باقی نہیں رہتے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل اور مقدمات کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد انمول عرف پنکی کی بریت کی درخواست منظور کرلی اور اسے تینوں مقدمات سے بری کردیا۔
پولیس کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف گذری تھانے میں مختلف اوقات میں منشیات سے متعلق یہ مقدمات درج کیے گئے تھے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزمہ ان مقدمات میں مفرور تھی۔
عدالتی فیصلے کے بعد منشیات کے ان تینوں مقدمات میں انمول عرف پنکی کے خلاف جاری کارروائی ختم ہوگئی ہے، جبکہ عدالت نے بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسے مقدمات سے باقاعدہ بری کردیا۔