کراچی خواتین کے لیے جیل ہے تو لاہور آکر دیکھیں، حنا پرویز بٹ
لاہور: پاکستانی اداکارہ حنا الطاف کی جانب سے کراچی کو خواتین کے لیے جیل قرار دینے کے بیان پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کا ردعمل سامنے آگیا۔
حنا پرویز بٹ نے اپنے ویڈیو پیغام میں اداکارہ کو لاہور آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہاں خواتین خود کو لندن کے مقابلے میں زیادہ محفوظ محسوس کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں خواتین کا تحفظ حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ حکومت ایسا ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے جہاں خواتین بلاخوف و خطر نقل و حرکت کرسکیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ حنا الطاف نے حال ہی میں لندن کی سڑکوں پر چہل قدمی کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی واپسی کے بعد انہیں دوبارہ جیل جیسی زندگی گزارنا پڑے گی کیونکہ وہاں لڑکیاں آزادی سے گھوم پھر نہیں سکتیں۔