اسلام آباد: پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے انٹربینک کنسورشیم کی چیئرمین شپ سنبھال لی ہے، جبکہ سلطان علی آلانہ نے 2026-2027 کے لیے کنسورشیم کے چیئرمین کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کو یہ ذمہ داری 2026-2027 کے لیے سونپی گئی ہے۔ پاکستان کی ایس سی او اور اس کے انٹربینک کنسورشیم کی چیئرمین شپ ایک ہی مدت کے لیے ہوگی، جسے علاقائی تجارت، سرمایہ کاری اور مالیاتی روابط کے فروغ میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی قرار دیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ نے سلطان علی آلانہ کو چیئرمین کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔
پاکستان نے ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سرحد پار تجارت اور سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق علاقائی اقتصادی انضمام اور مشترکہ خوشحالی کا فروغ پاکستان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔