تازہ ترین

ایران کا خلیجی ممالک سے دشمنی نہ رکھنے کا اعلان

0

تہران: ایران نے خلیجی ممالک اور خطے کے دیگر ہمسایہ ملکوں کے ساتھ دشمنی نہ رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دیرپا علاقائی سلامتی کے قیام کے لیے تعاون کا خواہاں ہے، تاہم اپنی خودمختاری اور شہریوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی کسی کارروائی پر خاموش نہیں رہے گا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ بعض خلیجی ممالک نے امریکا کی فوجی موجودگی پر ضرورت سے زیادہ انحصار کیا ہے، جبکہ کچھ ممالک واشنگٹن کے ساتھ سرگرمی سے تعاون بھی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران اپنے پڑوسی ممالک سے توقع رکھتا ہے کہ وہ اپنی سرزمین اور تنصیبات کو ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ بقائی کے مطابق خطے میں اعتماد کی فضا قائم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام ممالک ایک دوسرے کے خدشات کا خیال رکھیں اور اعتماد سازی کا عمل دوطرفہ بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے۔

دوسری جانب ایران کا مذاکراتی وفد قطر میں ثالثوں کے ساتھ تین روزہ بات چیت کے بعد اتوار کو دوحہ سے روانہ ہوگیا۔ مذاکرات سے آگاہ ایک عہدیدار کے مطابق ایرانی وفد کی روانگی کی وجہ بات چیت میں کسی قسم کی دشواری یا اختلاف نہیں تھا۔

عہدیدار نے بتایا کہ دوحہ میں ہونے والی مشاورت کا بنیادی مقصد ایران کے خلاف جاری امریکی اور اسرائیلی جنگ ختم کرنے کے لیے کسی معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کو آگے بڑھانا تھا۔

یہ سفارتی سرگرمیاں ایسے وقت میں جاری ہیں جب خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ 3 نومبر کو امریکا میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے بعد خطے میں جنگ دوبارہ شدت اختیار کرسکتی ہے۔

ایران کے خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات اور دوحہ میں جاری سفارتی کوششیں خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ کے خاتمے کے لیے جاری مذاکرات کا حصہ ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.