ایران پر نئے حملوں کی منصوبہ بندی تشویش ناک ہے، روس
ماسکو: روس نے ایران کے خلاف ممکنہ نئی فوجی کارروائی کی منصوبہ بندی سے متعلق اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ فوجی حملوں کے ذریعے ایرانی عوام کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔
روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا ہے کہ ایسے اشارے موجود ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جو انتہائی تشویش ناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ کے تلخ تجربات سے ثابت ہوا ہے کہ ایران میں ہلاکتوں اور تباہی کا باعث بننے والی فوجی مہم جوئی ایرانی عوام کے اپنے ملک کی خودمختاری اور آزادی کے دفاع کے عزم کو توڑنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے نئے حملوں کی دھمکیاں دینے والوں پر زور دیا کہ وہ اپنے مؤقف پر دوبارہ غور کریں۔
روس اس سے قبل بھی ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دے چکا ہے۔
دوسری جانب حالیہ دنوں میں ثالثوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دھمکیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس دوران امریکہ کے وسط مدتی انتخابات پر بھی توجہ مرکوز ہے، جو کل منعقد ہوں گے۔