تازہ ترین

پی ٹی آئی آئین اور عوامی حقوق کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی، سلمان اکرم راجا

0

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ ملک میں عدالتیں بے بس ہوچکی ہیں اور انصاف فراہم کرنے کے ساتھ ملاقات کا حق دلانے میں بھی اپنا کردار ادا نہیں کر پا رہیں۔

ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے دعویٰ کیا کہ علیمہ خان اور ان کے ڈرائیور کو پہلے گرفتار کیا گیا، جس کے بعد نظربندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیور مزدوری پر کام کرتا تھا، اسے بھی گرفتار کرلیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ عدالتیں ملاقات بھی نہیں کراسکتیں۔ ان کے بقول کسی بھی شہری کو کسی وقت اٹھایا جاسکتا ہے اور عدالتیں انصاف فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انگریز دور کے بنائے ہوئے قوانین استعمال کرکے شہری آزادیوں کو سلب کیا جا رہا ہے۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ماضی میں آزاد عدلیہ کے فیصلے بھی موجود ہیں، تاہم آج عدالتیں بے بس دکھائی دیتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا کو کنٹرول نہیں کرتی اور پارٹی احتجاج کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے عوام کو آگاہ کرتی رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب لوگ احتجاج کے لیے باہر نکلتے ہیں تو ان پر گولیاں چلائی جاتی ہیں، تاہم پی ٹی آئی آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی۔ مہنگائی اور بے روزگاری سمیت عوامی مسائل اجاگر کرنا ہر سیاسی جماعت کی ذمہ داری ہے۔

پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ پارٹی کے بانی چیئرمین عوام کے انہی حقوق کے تحفظ کے لیے جیل میں ہیں۔ ان کے مطابق سیاسی جماعت کی حیثیت سے عوام کے حقوق اور آئینی آزادیوں کے تحفظ کے لیے آواز اٹھانا ان کا فرض ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.