راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وزیر لیو ہائی شینگ نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے دیرینہ تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق لیو ہائی شینگ اپنے دورہ پاکستان کے دوران جی ایچ کیو پہنچے، جہاں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں وفود نے آزمودہ تعاون اور باہمی اعتماد پر مبنی دیرینہ دوستی کو ہر موسم کی تزویراتی شراکت داری قرار دیتے ہوئے اسے مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور چین کو دیرینہ اور قابلِ اعتماد دوست قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ادارہ جاتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر بھی بات کی۔
اس موقع پر لیو ہائی شینگ نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے دیرینہ تزویراتی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ علاقائی اور عالمی حالات میں تبدیلیوں کے باوجود پاکستان اور چین باہمی تعاون اور قریبی روابط کو مزید فروغ دیتے رہیں گے۔